بھٹکل:25؍اگست(ایس اؤ نیوز) کرناٹک راشٹرا سمیتی پارٹی (کے آر ایس ) کے ریاستی صدر روی کرشنا ریڈی نے جمعرات کو بھٹکل کا دورہ کرتے ہوئے تحصیلدار اور تعلقہ پنچایت وغیرہ دفاتر پہنچ کر ان باتوں کا جائزہ لیا کہ اہلکار اپنے شناختی کارڈ کے ساتھ کام کررہے ہیں یا نہیں اور اُن کے ٹیبل پر نیم پلیٹ ہے یا نہیں ۔ انہوں نے اس بات کا بھی جائزہ لیا کہ سرکاری دفاتر میں عوام کے لئے ٹوائلٹ ، پینے کے پانی کی سہولت اور عوام کے لئے ضروری نوٹس اور نمبرات کی سہولت فراہم کی گئی ہے یا نہیں۔
بعد میں اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ریاست میں بدعنوانی اور رشوت خوری کا بازار گرم ہے انہوں نے الزام لگایا کہ تمام سیاسی پارٹیاں صرف رشوت کےلئے کام کرتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ کے آر ایس پارٹی کی جانب سے کرناٹکا جن چئیتنا یاترا جاری ہے اس کے تیسرے مرحلےکے طورپر ہم اترکنڑا ضلع کے دورے پر ہیں۔ ریاست اور سماج کا سب سے بڑا دشمن رشوت خوری ہے ، رشوت خوری کی اصل وجہ انتخابی سیاست ہے۔ انتخابات کے دوران پیسہ ، شراب وغیرہ کی تقسیم عام ہوگئی ہے۔ مردوں کو لکّر، عورتوں کو کُکّر وغیرہ کی تقسیم کرتےہوئے رشوت خور انتخابات میں اپنی جیت درج کرارہے ہیں۔ اس کا بدلنا ضروری ہے اگر ہم اس کو بدلنے میں کامیاب ہوئے تو ہمارا صوبہ امیر صوبہ ہے 2865کروڑ روپیوں کا بجٹ والا صوبہ ہے۔ اس کے باوجود عوام سماجی ناانصافی ، غربت اور ظلم میں پیسے جارہے ہیں۔ سال 2023میں ہونے والے ریاستی انتخابات میں کے آر ایس اور یکساں ذہنیت والی پارٹیو ں کے ساتھ اتحاد کرتےہوئے جے سی بی یعنی برشٹھ(رشوت خور)کانگریس اور بی جے پی کے خلاف ریاست کے سبھی 224نشستوں پر مقابلہ آرائی کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ہمارا کوئی بھی امیدوار انتخابات کے دوران پیسہ ، شراب یا پھر دوسرے سازوسامان کی تقسیم نہیں کرے گا۔ قرض لےکر انتخابات نہیں لڑے گا۔ہمارا کوئی بھی امیدوار ایسی ذلیل حرکتیں نہیں کرے گا۔ کیونکہ انتخابات ایک دھندہ بن گئے ہیں۔ ہم اس کو جڑ سمیت اکھاڑ پھینکنا چاہتےہیں۔
اسی طرح ریاست میں ایک بہترین، شفاف ، ایماندار قائد و لیڈر کی کمی ہے ، کانگریس، جے ڈی ایس ، بی جے پی تمام رشوت خوری میں مبتلا ہیں ، اسی لئے ہم ایک صاف شفاف، ایماندار سیاست کو فروغ دینا چاہتےہیں ۔ اسی لئے ہم ریاست بھر کا دورہ کرتےہوئے سرکاری دفاتر اور پولس اسٹیشنوں میں ہونے والی رشوت خوری کے خلاف بیداری پیدا کررہےہیں۔ کے آر ایس عوام کو ایک بہترین متبادل دینے میدان میں اتری ہے۔ ہم تعلقہ اور ضلع پنچایت انتخابات میں بھی حصہ لیں گے۔ ہم نوجوانوں کو خاص ترجیح دیں گے اور ریاست کے لئے نوجوان قیادت فراہم کریں گے۔ انہوں نے بھٹکل کے عوام سے اپیل کی کہ اگر کسی سرکاری دفتر میں ، کسی سرکاری افسر نے یا پھر پولس کی طرف سے کوئی ہراسانی ہورہی ہے تو کے آر ایس پارٹی کے ذمہ داروں سے رابطہ کریں۔ اسی طرح انہوں نے ایماندار ، نوجوان افراد کو سیاست کے میدان میں آگے آکر کے آر ایس کے امیدوار بننے کی اپیل کی۔ اس موقع پر انہوں نے بھٹکل کے سمیع اللہ شیخ ، انیل کھاروی ، گنپتی اور وینکٹیش نائک کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ کے آر ایس پارٹی بھٹکل کے ذمہ داران ہیں۔
کے آر ایس پارٹی کے ریاستی صدر روی کرشنا ریڈی نے اپنے بھٹکل کی شروعات سرکاری دفاتر کے دورے سے کرتےہوئے منی ودھان سبھا میں واقع تحصیلدار دفتر میں خدمات انجام دینےو الے عملے کے شناختی کارڈ، میز پر متعلقہ عہدے کے بورڈ وغیرہ نہ ہونے پر سخت اعتراض جتایا اس کے بعد تحصیلدار سےملاقات کرتےہوئے انہیں میمورنڈم سونپا ۔ میمورنڈم میں تحصیلدار دفتر کے عملےکی خامیوں کی نشاندہی کرتےہوئے ان کی تصحیح کا مطالبہ کیا اور عوام کو بہتر خدمات فراہم کرنےپر زور دیا۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے موگیر سماج کی طرف سے جاری دھرنا مقام پر پہنچ کے آر ایس پارٹی کی جانب سے ہر مظلوم طبقے کی حمایت اور تعاون کا تیقن دلایا۔
